شنگھائی پاور کے الیکٹرک کے 64فیصد شیئر ایک ارب 77کروڑ ڈالرز میں خریدے گا

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا معاہدہ طے پاگیا۔ شنگھائی الیکٹرک پاور نے کے الیکٹرک کو ابراج گروپ سے خریدنے کا معاہدہ کرلیا۔ شنگھائی پاور کے الیکٹرک کے 64 فیصد شیئر ایک ارب 77 کروڑ ڈالرز میں خریدے گا۔ابراج گروپ کے اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک کے 64 فیصد حصص کے شئیرز ایک ارب 77 کروڑ ڈالر میں خریداری کے معاہدے پر شنگھائی الیکٹرک نے دستخط کردیے ہیں۔معاہدے پر ابراج گروپ کے سی ای او عارف نقوی نے کہا کہ کے الیکٹرک میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے اس کی ترقی کرنے کی صلاحیت پر یقین تھا۔ یہ معاہدہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ ماڈل کی کامیابی کا مظہر ہے اورحکومت پاکستان اس پروگرام کی اہم حصے دار ہے۔شنگھائی الیکٹرک کے سربراہ سینگ ین ڈان نے کہا کہ معاہدے کا طے پانا ان کی کمپنی اور ابراج گروپ کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، سات سالوں میں کے الیکٹرک نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں شنگھائی الیکٹرک اس کا اعتراف کرتا ہے۔ان کا ادارہ کے الیکٹرک کے صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ کمپنی کی کامیابیوں کے تسلسل کو اپنی کوششوں سے مزید پروان چڑھائے گا، کے الیکٹرک کو پاکستان کی بہترین کمپنی بنانے کے لیے ابراج گروپ کے ساتھ مستقبل میں بھی کام جاری رکھیں گے۔معاہدہ ریگولیٹری اجازت حاصل کرنے اور دیگر ضروری امور کے بعد مکمل ہو جائیگا