کسٹم کارروائی : بھارتی کپڑا اور دیگر سامان سمگل کرتے3ملزم گرفتار

اسلام آباد (ہاٹ لائن) جہلم اور موٹر وے ٹول پلازہ پر محکمہ کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی کپڑا اور دیگر سامان سمگل کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ محکمہ کسٹمز کے انسداد سمگلنگ سیل نے جہلم اور موٹر وے ٹول پلازہ پر کارروائی کی اور بھارتی کپڑا ، چائنیز کراکری اور کورین کیمیکل سمگل کرنیکی کوشش ناکام بنا دی ، کارروائی کی دوران تین سمگلرز کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کر گرفتار کر کے کپڑا اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے اور کسٹمز گودام میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔قبضے میں لیے گئے بھارتی کپڑے کو کشمیر کے راستے لاہور لے جایا جا رہا تھا جسے جہلم کے قریب کارروائی کے دوران ٹرک سے برآمد کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارتی کپڑے کا وزن پانچ ٹن کے قریب ہے ۔ اس کے علاوہ سامان میں 39چائنیز کراکری کے کارٹن بھی شامل ہیں جبکہ ٹرک سے 200 بیگز میں چار ٹن سمگل شدہ کورین کیمیکل بھی پکڑا گیا ہے ۔قبضے میں لیے گئے سامان کی مالیت 1کروڑ 10لاکھ روپے سے زائد ہے ۔