کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب کو ہرممکن تعاون فراہم کریں گے، گورنرسندھ

کراچی (ہاٹ لائن ) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ نیب درست سمت میں کام کررہا ہےاور اسے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ڈائریکٹرجنرل نیب لیفٹیننٹ کرنل (ر) سراج النعیم نے ملاقات کی، اس موقع پر گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ نیب درست سمت میں کام کررہا ہے، سراج النعیم کی قیادت میں نیب کراچی نے بدعنوان عناصر کے خلاف قابل تعریف اقدامات کئے ہیں اوراسے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے. کسی بھی معاشرے کی ترقی کی راہ میں کرپشن سب سے بڑی رکاوٹ ہوتی ہے جب کہ کرپشن کی روک تھام اور اس کے خاتمہ کے ضمن میں قومی احتساب بیورو کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹرجنرل نیب کا کہنا تھا کہ نیب سندھ کے ساتھ بھرپورتعاون پر گورنرسندھ کے شکر گزار ہیں جب کہ نیب کرپشن کے خاتمہ اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے لئے پرعزم ہے۔