فریحہ الطاف’’لاہورسے آگے ‘‘ سے آگے کی ڈور میں شامل، ایک اور فلم کی آفر

معروف سابق ماڈل کیلئے جاوید شیخ نے فلم’’وجود‘‘میں خصوصی کردار لکھوا لیا ، مزید اداروں نے بھی اپنے پراجیکٹس میں کام کی آفرز کر دیں-
کراچی ( دنیا نیوز ) فیشن ، بیوٹی اور شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیت فریحہ الطاف نے بھی فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ گزشتہ دنوں ریلیز ہونیوالی ہدایتکار وجاہت رئوف کی نئی کامیڈی فلم ’’لاہور سے آگے ‘‘ میں ان کی پرفارمنس کو شوبز حلقوں نے بہت پسند کیا جبکہ متعدد شوبز اداروں نے ان کو فلموں میں کام کی آفر دی ہے جس میں اداکار جاوید شیخ سب سے نمایاں ہیں ۔ اداکار و ہدایتکار جاوید شیخ نے اپنی نئی فلم ’’وجود‘‘ میں انہیں اہم کردار کی آفر دی ،ان کیلئے خصوصی طور پر کردار بھی لکھوایا گیا ہے ۔ اس حوالے سے فریحہ الطاف نے نمائندہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاوید شیخ کی خواہش پر فلم کی آفر کو قبول کرلیا ہے ۔ وجاہت رئوف کی فلم میں کام کرنے کا تجربہ خوشگوار رہا ، ملک میں ڈرامہ و فیشن انڈسٹری کے بعد فلم انڈسٹری کا استحکام وقت کا تقاضا ہے ، ہماری فلمیں بیرون ممالک میں مقبولیت پا رہی ہیں ، آسکر ایوارڈ تک پہنچ جانا شرمین عبید چنائے کیلئے نہیں ملکی فلم پروڈیوسرز کیلئے بھی کسی اعزاز سے کم نہیں ۔ واضح رہے کہ فریحہ الطاف ماضی میں ماڈلنگ کیساتھ ساتھ متعد د ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں انہوں نے لیجنڈ اداکار معین اختر کے شہرت یافتہ ٹی وی ڈرامے روزی میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ آج کل وہ فیشن و بیوٹی انڈسٹری میں شو آرگنائزنگ و پروڈکشنز میں مصروف ہیں ۔ (ن ی)