رجنی کانت بھی اکشے کمار کی اداکاری کے فین

ممبئی (ہاٹ لائن)تامل اور ہندی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار رجنی کانت نے اکشے کمار کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی نئی فلم 2.0 میں اصل ہیرو وہ نہیں بلکہ اکشے کمار ہیں۔ممبئی میں رجنی کانت کی بلا ک بسٹر فلم روبوٹ کے سیکوئل 2.0کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں رجنی کانت، اکشے کمار، ایمی جیکسن، میوزک ڈائریکٹر شنکر اور اے آر رحمن کے علاوہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض کرن جوہر نے نبھائے۔تقریب میں فلم کے مخصوص حصوں کو دیکھ کر شرکا نے اداکاری اور تکنیکی عملے کی مہارت کی تعریف کی۔ اس موقع پر رجنی کانت کا کہنا تھا گو کہ فلم میں اکشے کمار کا کردار منفی ہے لیکن فلم کے اصلی ہیرو وہی ہیں اگر انہیں کرداروں کے انتخاب کا کہا جاتا تو وہ اکشے کمار کا کردار ادا کرنا پسند کرتے۔واضح رہے 2.0 کو آئندہ برس دیوالی کے موقع پر ہندی اورتامل سمیت کئی زبانوں میں ریلیز کیا جا ئیگا۔