دوسری جنگ عظیم کے تناظر میں بنی ہالی ووڈ فلم ’’الائیڈ‘‘ 25 نومبر کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی

نیویارک (ہاٹ لائن) میدان جنگ اور محبت کا میدان ، دونوں میں کیسے کامیاب ہوں ، یہ ہے کہانی ہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ اور میرین کوٹیلارڈ کی آنے والی فلم ’’الائیڈ‘‘ کی۔ دوسری عالمی جنگ کے تناظر میں بنی رومانوی فلم ’’الائیڈ‘‘ میں اداکار بریڈ پٹ اور میرین کوٹیلارڈ نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ دونوں کی ملاقات افریقہ میں ایک مشن کے دوران ہوتی ہے۔ بریڈ نے کینیڈین انٹیلی جنس افسر اور میرین نے فرانسیسی اہلکار کا کردار ادا کیا ہے۔ دوران مشن دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں، مشن کے مکمل ہونے پر لندن جا کر شادی کر لیتے ہیں لیکن ان کی زندگی میں طوفان اس وقت بپا ہوتا ہے جب میرین پر جرمن جاسوس ہونے کا شبہ کیا جاتا ہے۔ کیا ان کی محبت اس کڑے امتحان سے گزر پائے گی، یہ جاننے کے لئے دیکھئے فلم جو پچیس نومبر کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی ۔ (ن ی)