چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو بچھڑے 33 برس بیت گئے

لاہور(ہاٹ لائن) نشیلی آنکھیں، کتابی چہرہ اور مرادنہ وجاہت سے بھرپور شخصیت کے حامل وحید مراد جب پردے پر ابھرتے تو مداح پلک جھپکنا بھول جاتے۔ کردار میں ڈوب جانا کسے کہتے ہیں فلمی شائقین کو ان کی اداکاری دیکھ کر معلوم ہوا۔ جذبات اور رومان کو جس طرح وحید مراد نے پیش کیا ویسا کوئی ہم عصر نہ کر پایا۔ انکی شخصیت اور اداکاری کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا، اسی لیے لالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو کہلائے اور آج بھی یہ اعزاز انہی کے پاس ہے۔ عروج کے دور میں وحید مراد کو فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔ فلم ہیرا اور پتھر، دیور بھابی، ارمان، انسانیت، دوراہا، نیند ہماری خواب تمہارے، انجمن اور کئی دیگر فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔ ان پر فلمائے گئے فلمی گیت آج بھی زبان زد عام ہیں۔ فلمی دنیا کا یہ تابندہ ستارہ 23 نومبر 1983 میں محض 45 برس کی عمر میں دنیا سے منہ موڑ گیا لیکن مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔ (ن ی)