سٹیون سیگال کو روسی شہریت مل گئی، صدر ولادیمیر پیوٹن کا حکم جاری

ماسکو(ہاٹ لائن ) صدر ولادیمیر پیوٹن نے ہالی ووڈ سٹار سٹیون سیگال کو روسی شہریت دینے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس حکم نامے پر رواں ماہ ہی عمل درآمد کیا گیا ہے۔ 64 سالہ امریکی اداکار سیگال کا شمار روسی صدر کے حمایتیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے متعدد مرتبہ ولادیمیر پیوٹن کے حق میں بیانات بھی دیے۔ سٹیون سیگال مارشل آرٹس ایونٹس میں شرکت کیلئے کئی مرتبہ روس کا دورہ کر چکے ہیں۔ ان مواقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بھی اکثر ان کے ہمراہ نظر آئے۔
روسی صدر کے ترجمان دمتری پرکوف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سٹیون سیگال روس کے بارے میں خاصے گرمجوش ہیں اور انہوں نے اپنے ان خیالات کو کبھی دنیا سے نہیں چھپایا۔ ترجمان نے بتایا کہ سٹیون سیگال کی جانب سے عرصہ سے اس خواہش کا اظہار کیا جا رہا تھا کہ وہ روس کی شہریت لینا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ سٹیون سیگال روسی ہیریٹیج رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1990ء میں روسی دارالحکومت ماسکو میں پلینٹ ہالی ووڈ کے نام سے ایک ریسٹورنٹ کی شاخ کھولی تھی۔ اس کے بعد سے وہ متعدد روسی کمپنیوں کی تشہیری مہم میں بھی شریک ہوتے رہے ہیں۔ (ن ی)