سلمان احمد کا بھارت میں کنسرٹ پر شرکت سے انکار

پاکستان کے کامیاب میوزک بینڈ ‘جنون’ کے مرکزی گلوکار سلمان احمد نے بھارت میں ہونے والے کنسرٹ میں شرکت سے انکار کردیا۔ گلوکار نے اس بات کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کے ذریعے کیا۔ سلمان احمد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘میں ایل او سی پر ہونے والے خون خرابے اور تشدد پر بطور احتجاج گوا میں ہونے والے ثقافتی ایونٹ میں اپنی شرکت منسوخ کررہا ہوں’۔
s1
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ ہندوستان کے کس ایونٹ میں شرکت کرنے جارہے تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران فائرنگ سے پاک فوج کے کئی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی نشانہ بنتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاک- بھارت کشیدگی کا آغاز اڑی میں بھارتی فوج کے کیمپ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 18 اہلکاروں کی ہلاکت سے ہوا، جس کے بعد دونوں ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بھی کافی متاثر ہوئی۔ سلمان احمد کے بھارت جانے سے انکار سے قبل، وہاں موجود پاکستانی فنکاروں پر بھی پابندی عائد کی گئی جس کے بعد پاکستانی سینما گھروں اور پیمرا نے ہندوستانی مواد کی نمائش پر پابندی لگادی۔ دنیا بھر میں اپنے جنون بینڈ سے مقبول ہونے والے سلمان احمد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سرگرم کارکن بھی ہیں۔