پہلا پاکستان کالنگ فلم فیسٹیول کراچی میں 27 نومبر سے شروع

کراچی(ہاٹ لائن) پہلے پاکستان کالنگ فلم فیسٹیول کا آغاز جلد کیا جارہا ہے جہاں شائقین کو تقریباً 35 فلموں کی نمائش دیکھنے کا موقع ملے گا۔ یہ دو روزہ فیسٹیول رواں ماہ 27 نومبر سے شروع ہوگا، فیسٹیول میں داستانوں پر مبنی فلمیں، شارٹ فلموں اور دستاویزی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔
یہ فیسٹیول کراچی کے رنگون والا کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوگا، جس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس دوران پاکستان کے اُن فلم سازوں کے کام پر نظر ڈالی جائے گی، جن کی بہت زیادہ تعریف نہ کی گئی ہو۔فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں بہت سے فلم ساز موجود ہیں جو بہترین کہانیوں پر مبنی فلموں پر کام کررہے ہیں، لیکن ان کے بارے میں بات کم کی جاتی ہے، اسی لیے کراچی یونیورسٹی اور رنگون والا اکھٹے ہوئے ہیں تاکہ ان فلم سازوں کا کام سب کے سامنے لایا جاسکے اور پاکستان کے پہلے کالنگ فلم فیسٹیول کا آغاز ہو’۔ اس فیسٹیول کے دوران کچھ موضوعات پر خصوصی بات چیت بھی کی جائے گی، جن میں فلم اور ٹیلی ویژن کا رشتہ، پاکستان میں اینیمیشن کا مستقبل، فلم بزنس اور سماجی تبدیلیاں شامل ہیں، اس دوران نوجوان اداکاروں، مصنفوں اور دیگر کے لیے ورک شاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق پاکستان کالنگ فلم فیسٹیول کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو پیش کرنا ہے جو ایک کے بعد ایک بہترین فلموں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس دوران ان فلموں پر ایوارڈز بھی دیئے جائیں گے۔