دوبارہ پھرسے، لاہور سے آگے کے پریمیئر شوز امریکہ میں

کراچی(ہاٹ لائن) پاکستانی ٹی وی و فلم کے فنکار امریکہ پہنچ گئے ، ان فنکارو ں میں اداکار یاسر حسین، صنم سعید، عدیل حسین، طوبیٰ صدیقی، حریم فاروق، ہدایتکارہ مہرین جبار، صبا قمر، ہدایتکار وجاہت رئوف، شازیہ وجاہت و دیگر شامل ہیں مذکورہ فنکار پاکستانی فلموں لاہور سے آگے اور دوبارہ پھر سے کے پریمیئر شوز میں شرکت کرینگے ، نیویارک سٹی میں آج فلم دوبارہ پھر سے کا پریمیئر شو منعقد کیا جارہا ہے جس میں فلم کی کاسٹ شرکت کیلئے خصوصی طورپر امریکہ پہنچ چکی ہے اس سے قبل مذکورہ فلم کا پریمیئر لندن میں چار روز قبل ہوچکاہے جس میں پاکستان سے فلم کی مکمل کاسٹ لندن پہنچی تھی۔ہدایتکار وجاہت رئوف سمیت فلم لاہور سے آگے کی کاسٹ بھی امریکہ پہنچ چکی ہے جس کا ڈیلاس میں پریمیئر شو منعقد کیا جارہا ہے ۔ان فنکاروں کے علاوہ ہمایوں سعید، ماہرہ خان، فہد مصطفی، مہوش حیات بھی بیرون ممالک کے دوروں پر جارہے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ پہنچ بھی چکے ہیں۔ان فلموں سے قبل اب تک جانان، ہومن جہاں ودیگر نے اچھا بزنس کرکے بیرون ممالک میں پاکستانی فلموں کی راہیں کھول دی ہیں ۔