قسمت قتل کیس: مقتولہ کی آخری موبائل فوٹیج حاصل کر لی گئی، ڈرائیور گرفتار

لاہور(ہاٹ لائن) اداکارہ قسمت بیگ قتل کیس میں پولیس تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے سیکرٹری کے بعد ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قسمت بیگ کے ڈرائیور ابراہیم کو شامل تفتیش کرنے کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔ دوسری جانب، لاہور کی معروف تھیئٹر اداکارہ کی آخری موبائل فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔ قسمت بیگ کو کیا معلوم تھا کہ یہ ویڈیو ان کی زندگی کی آخری ویڈیو ہو گی۔ موبائل ویڈیو اداکارہ کے قتل سے تھوڑی دیر پہلے کی ہے جس میں وہ ویڈیو بناتی نظر آ رہی ہیں۔ قسمت بیگ کے قتل کو چار روز گزر گئے ہیں۔ قاتلوں کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور اداکارہ کے دو ملازمین کو بھی دھر لیا لیکن تاحال قاتلوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ اداکارہ کے قتل پر فنکار برادری سراپا احتجاج ہے۔ پولیس کی جانب سے تفتیش کے لئے سی آئی اے کی خصوصی ٹیم بھی متحرک کی گئی لیکن قاتل تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔