پاکستان سپر لیگ کو کمپنی بنانے کا اعلان

لاہور (ہاٹ لائن ) پاکستان سپر لیگ کو کمپنی بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم لیگ کا منافع بورڈ کی ملکیت ہوگا۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بتایا کہ گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کو کمپنی بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم پی ایس ایل کرکٹ بورڈ کے زیر نگرانی ہی کام کرے گا۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ دنیا میں مذاق بنی ہوئی ہے۔ ہم فرسٹ کلاس میں ریجنز اور اداروں کا موجودہ نظام برقرار رکھیں گے۔ ڈسٹرکٹ اور ریجنل لیول پر سکولز چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ سکولز چیمپیئن شپ میں پرائیوٹ سکولز کو بھی شامل کیا جائے گا۔ کوئٹہ، آزاد کشمیر اور فاٹا ریجن پر بھی خصوصی توجہ دیں گے۔ قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف کھلاڑیوں کی پرفارمنس بہتر رہی جبکہ گراؤنڈ میں ٹیم کا رویہ بھی بہتر رہا۔ ایم سی سی نے خط لکھ کر ٹیم کے رویے کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیساتھ میچز کافی کٹھن ہوں گے۔ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بورڈ نے پی ایس ایل پرائیویٹ لمٹیڈ کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم پی ایس ایل کا منافع کرکٹ بورڈ کی ملکیت ہوگا۔ پی ایس ایل کمپنی میں پی سی بی کے تین ڈائریکٹرز ہوں گے۔