انگلش کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کے معاہدے میں ایک بار پھر توسیع کردی

لندن (ہاٹ لائن ) انگلش کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی آف اسپنر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کے ساتھ معاہدے میں ایک بار پھر توسیع کردی ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ معاہدے میں توسیع کردی ہے جس کے بعد اب وہ بھارت کے خلاف موہالی میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ تک انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ ہوں گے تاہم پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث انگلش ٹیم کے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے ویزے میں توسیع کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے رواں برس جولائی میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی تھیں اور ان کی کوچنگ میں انگلش اسپنرز کی کارکردگی میں کافی نکھار نظر آیا جس کے بعد ای سی بی نے دوسرا کے موجد کے ساتھ کنٹریکٹ میں بنگلا دیش اور بھارت کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ تک توسیع کردی تھی۔