نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں شکست پاکستان کو پانچویں پوزیشن پر دھکیل سکتی ہے

دبئی (ہاٹ لائن )شکست کے ایک ہی جھونکے سے پاکستانی قدم اکھڑنے لگے کیونکہ ٹیسٹ رینکنگ میں مصباح الیون کی دوسری پوزیشن آندھیوں کی زد میں آگئی ہے جہاں نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں شکست پاکستان کو پانچویں پوزیشن پر دھکیل سکتی ہے جبکہ میچ ڈرا کرکے بھی جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے معرکے کے برابری پر اختتام کی ”دعا“ کر نا ہو گی لیکن اگر میچ نتیجہ خیز ہو گیا تو پروٹیز اور کینگروز میں سے میچ کی فاتح ٹیم دوسری پوزیشن پر رسائی پالے گی جبکہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز 1-1سے برابر کرنے کے باوجود مصباح الیون پر بھارت کیخلاف انگلینڈ کی اچھی کارکردگی کا خطرہ منڈلا تا رہے گا۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈکیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعدٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی دوسری پوزیشن خطرے سے دوچار ہو گئی ہے اور اگرپاکستانی ٹیم سیریزکا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ہارجاتی ہے تو ممکنہ طورپر وہ تین درجے گراوٹ کا شکار ہوکر پانچویں نمبرپر چلی جائے گی اوراگر پاکستان دوسرا ٹیسٹ ڈرا کرکے سیریز میں 1-0سے شکست کھاتا ہے تو اسکی دوسری پوزیشن جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے رحم و کرم پر ہوگی کیونکہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ شروع ہو نے والا ہے اور جو بھی ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ مصباح الیون سے دوسری پوزیشن چھین لے گی جبکہ میچ ڈرا ہو نے کی صورت میں بھی گرین کیپس کے سر پر منڈلاتا خطرہ پوری طرح ٹل نہیں جائے گا کیونکہ اگر انگلینڈ نے بھارت کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کردیا تو پھر بھی پاکستانی ٹیم تنزلی کا شکار ہو سکتی ہے۔فی الحال پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو 1-0کی برتری حاصل ہے اور سیریز کے تین میچ ابھی باقی ہیں ،قوی امید ہے پاکستان نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرد ے گا اور ادھر بھارت اپنے گھر میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست نہیں کھائے گا اوراس طرح پاکستان کی دوسری پوزیشن محفوظ رہے گی ، یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈکے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 25سے 29نومبر تک ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کو دو میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے ، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بلیک کیپس نے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی جبکہ سسر کے انتقال کے باعث مصباح الحق وطن واپس آچکے ہیں اور انکی جگہ اظہر علی اس میچ میں قومی ٹیم کی قیادت کرینگے۔مصباح الحق کی غیر موجودگی میں شرجیل خان کو ٹیم میں شامل کرکے ان سے اوپننگ کروانے کے امکانا ت ہیں جبکہ اظہرعلی ون ڈاﺅن پوزیشن پر بیٹنگ کریں گے۔