ڈوپلیسز کی بال ٹمپرنگ ‘ بادی گارڈز نے صحافی کو دھو ڈالا

ایڈیلیڈ (ہاٹ لائن )جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسز کی مبینہ بال ٹمپرنگ کا معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا جہاں ایڈیلیڈ ایئر پورٹ پر بلے باز کے باڈی گارڈز نے ٹمپر نگ کا سوال کرنیوالے آسٹریلوی صحافی کو دھو ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ایئرپورٹ پر مقامی چینل کے صحافی کو ڈوپلیسز سے ٹمپرنگ سے متعلق سوال کرنا مہنگا پڑ گیا۔ صحافی نے ان سے الزامات کے بارے میں جاننا چاہا تو گارڈز نے دھکوں سے صحافی کی تواضع کی۔ اس سے قبل میلبورن کے ہوٹل میں بھی پروٹیز کپتان کے گارڈز نے ایک رپورٹر کیساتھ بدتمیزی کی تھی۔ پروٹیز ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی نے کہا کہ آسٹریلوی میڈیا ہمیں ہراساں کررہا ہے کیونکہ بارہا کہا گیا ہے کہ کرکٹ جنوبی افریقہ اور ڈوپلیسز بال ٹمپرنگ کے معاملے پر بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں لیکن کوئی ہماری سنتا ہی نہیں ہے۔