وارم اپ میچ: پاکستان کے 341 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ الیون کی بیٹنگ

نیلسن: پاکستان نے نیوزی لینڈ الیون کو پریکٹس میچ میں جیت کے لئے 342 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

نیلسن میں جاری وارم اپ میچ میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز اظہر علی اور فخرزمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں داغیں، اظہر علی 104 اور فخر زمان نے 106 رنز بنائے اور آؤٹ نہ ہوئے، دونوں بلے بازوں نے 206 رنز کی شراکت قائم کی تو فخر زمان نے بابراعظم کو بیٹنگ کا موقع دیا اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

فخر زمان نے 84 گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے، اسی طرح اظہر علی بھی 105 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بناکر ریٹائرڈ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم 6، محمد حفیظ 5، شعیب ملک ایک، کپتان سرفراز احمد 21، شاداب خان 24، فہیم اشرف 17 اور حسن علی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عامر 5 اور رومان رئیس بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے انیکت پاریک نے سب سے زیادہ 3، مارک کریگ نے 2، جے ڈی بیکر اور ایم ڈی رائے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور میزبان ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنالئے۔ اوپننگ بلے باز جیک بوائل اور بین بیکروفٹ 20،20 جب کہ بھارت پوپلی 16 اور نیوزی لینڈ الیون کی قیادت کرنے والے فریسر کولسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2،2 جب کہ محمد عامر، حسن علی، فخر زمان اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔