بال ٹمپرنگ ‘ آئی سی سی فاف ڈوپلیسی کیخلاف سماعت آج کرےگی

ایڈیلیڈ (ہاٹ لائن ) جنوبی افریقہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسس کے خلاف بال ٹمپرنگ کے الزامات کی سماعت آج ہو گی۔ آئی سی سی کی جانب سے ہونے والی سماعت کے دوران فاف ڈوپلیسس آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران لگنے والے بال ٹمپرنگ کے الزامات سے متعلق جواب دیں گے۔ واضح رہے کہ فاف ڈوپلیسس پر اس وقت بال ٹمپرنگ کے الزامات لگائے گئے جب وہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز اپنے منہ میں رکھی چیونگم میں موجود ’منٹ‘ کے ذریعے بال کو چمکانے کی کوشش کر رہے تھے۔ جنوبی افریقی کپتان نے ان الزامات سے متعلق تاحال کوئی جواب نہیں دیا تاہم اپنی سپورٹ میں دئیے گئے متعدد بیانات کو سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ری ٹویٹ کیا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنے کپتان پر لگے الزامات کی یکسر تردید کی ہے۔ ہاشم آملہ نے تو ان الزامات کو مذا ق قرار دیا تھا۔