کامران اکمل کی کارکردگی بہتر ‘ واپسی کیلئے سگنل کا انتظار

کراچی (ہاٹ لائن) پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی رہائش گاہ پر بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ماضی کے لیگ اسپنر مشتاق احمد تعزیت کے لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران قومی ٹیم کی کارکردگی اور آسٹریلیا کی سیریز کے لئے ٹیم کے انتخاب پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز تجربہ کار وکٹ کیپر کو ٹیم میں شامل کرنے کے لئے پی سی بی کی کلیئرنس کا انتظار کر رہے ہیں۔ تین دن قبل انضمام الحق نے نیشنل اسٹیڈیم میں محمد حفیظ اور کامران اکمل سے ون آن ون ملاقات کی تھی۔ دونوں سے ان کی حالیہ فارم پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کامران اکمل نے اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم سلیکٹرز کا خیال ہے کہ اگر وہ بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلتے ہیں تو پھر فیلڈنگ میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ کیوں کہ کامران اکمل نے پورا کیریئر وکٹ کیپر کی حیثیت سے گذارا ہے۔ کامران اکمل کے ماضی کے معاملات میں بورڈ کی جانب سے ان کی سلیکشن پر سلیکٹرز کو اجازت درکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے موقع پر بھی کامران اکمل کا نام سامنے آیا تھا لیکن بورڈ نے انہیں منتخب کرنے سے منع کردیا تھا۔ ذرائع نے سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے بتایا کہ تینوں فارمیٹ میں کامران اکمل کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے لیکن بعض حساس معاملات کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل کرنے سے گریز کیا جارہا ہے