دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کا اعلان آج متوقع، کامران اکمل اور محمد اصغر کی واپسی کا امکان

لاہور (ہاٹ لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کیلئے سکواڈ کا اعلان آج متوقع ہے اور وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور محمد اصغر کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر شریک ہوئے۔اجلاس میں دورہ انگلینڈ کیلئے قوم ٹیم کے انتخاب سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی قائداعظم ٹرافی کے ٹاپ سکورر کامران اکمل اور بنگلہ دیش پریمیر لیگ سے واپس طلب کئے جانے والے لیفٹ آرم سپنر محمد اصغر کو دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے جس کا باقاعدہ اعلان چیف سلیکٹر پریس کانفرنس میں کریں گے۔
واضح رہے کہ کامران اکمل نے 53 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور 30.79 کی اوسط سے 2648 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ 154 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں میں 26.18 کی اوسط سے 3168 رنز اور 54 ٹی 20 میچوں میں 20.86 کی اوسط سے 897 رنز بنائے ہوئے ہیں۔ کامران اکمل بطور وکٹ کیپر پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں جنہیں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بطور وکٹ کیپر پاکستان کیلئے پہلی سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے جبکہ یکے بعد دیگرے دو سنچریاں سکور کرنے کا بھی اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔