دوسرے ٹیسٹ میں شکست مگر منفرد ریکارڈ اظہر علی اور سمیع اسلم کے نام

ہملٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت اٹھانا پڑی ہے تاہم اوپننگ جوڑی اظہر علی اور سمیع اسلم نے اس ٹیسٹ میچ میں منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس جوڑی نے سال 2016ءمیں سب سے زیادہ رنز جوڑنے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ دونوں بلے بازوں نے اب تک 14 اننگز میں 65.69 کی اوسط سے 854 رنز جوڑے ہیں جس میں تین سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، یہ رواں سال کسی بھی جوڑی کی جانب سے سکور کئے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر انگلینڈ کے جونی بیرسٹو اور بین سٹوکس کا ہے جو رواں سال اب تک 103.62 کی اوسط سے 829 رنز کی شراکت داری قائم کر چکے ہیں۔ تیسرے نمبر پر انگلینڈ ہی کے الیسٹر کک اور ایلکس ہیلز ہیں جنہوں نے 39.47 کی اوسط سے 750 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ہے۔