900 سے زائد ٹرینی ڈاکٹروں کا 70 ہزار روپے ماہوار وظیفہ مقرر

لاہور(ہاٹ لائن ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے تمام UN Paid پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کو Paid کرنے اور ماہانہ وظیفہ دینے کی سمری کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ سمری سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے وزیر اعلی کو ارسال کی تھی ۔ محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے 9 سو سے زائد زیر تربیت پوسٹ گریجوایشن کرنے والے ڈاکٹرز کو تقریباً 70 ہزار روپے ماہوار وظیفہ ملے گا۔ اس سلسلہ میں سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ تمام PG ڈاکٹرز پیڈ ہوں گے اور اعزازی طو رپر کوئی پی جی ڈاکٹر کام نہیں کرے گا اور سلیکشن منظور شدہ سیٹوں پر ہی ہو گی۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز حکومت کی ذمہ داری ہیں اور حکومت ہی ان کے مسائل حل کرے گی ۔ دریں اثناء مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پیڈ ہونے والے PG ڈاکٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا انقلابی ا قدام ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ گزشتہ سال بھی وزیر اعلی کے حکم پر 13 سو پی جی ڈاکٹرز کو پیڈ کیا گیا تھا اور وزیر اعلی پنجاب کچھ ماہ پہلے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے ساڑھے تین ارب روپے کا پیکیج دے چکے ہیں ۔پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبہ کی ترقی اور اس سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے جس پر پوری طرح عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔