ملتان:موسمی انفلوئنزا کے مزید 3 مریض دم توڑ گئے، تعداد 12 ہوگئی


ملتان میں موسمی انفلوئنزا کا شکار مزید 3 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد رواں ماہ موسمی فلو سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہو گئی۔

ملتان میں ایک دن میں موسمی فلو کے تین مشتبہ مریض دم توڑ گئے جس کے بعد دسمبر میں موسمی انفلوئنزا سے ملتان میں ہونے والی اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔

موسمی زکام کی وجہ سے موت کے منہ میں جانے والوں میں 6 خواتین اور 6 مرد شامل ہیں اور اب تک 40 مریضوں کو نشتر اسپتال لایا جاچکا ہے جن میں سے 23 میں سیزنل انفلوئنزا کی تصدیق ہوچکی ہے اور 17 زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان ڈاکٹرعطاء الرحمان کے مطابق اب تک سیزنل انفلوئنزا سے 12 مریض انتقال کرچکے ہیں اور ان میں 6 خواتین اور6 مرد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس بھی سردی کے موسم میں ملتان میں موسمی انفلوئنزا پھیل گیا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔