دنیا کی کونسی ائیرلائن وقت کی سب سے زیادہ پابندی کرتی ہے؟ فہرست جاری کر دی گئی

واشنگٹن (ہاٹ لائن) دنیا بھر کی ائیرلائنوں کی سالانہ بنیادوں پر درجہ بندی کرنے والے ادارے ائیر ہیلپ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کردی ہے۔ اس بار کی رپورٹ نے فضائی مسافروں کے ساتھ ایوی ایشن ماہرین کو بھی حیران کردیا ہے کیونکہ قطر ائیرویز دنیا کی بڑی بڑی ائیرلائنوں پر بازی لے گئی ہے۔ اخبار دی انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق وقت کی پابندی، سروس کی کوالٹی اور اور مسافروں کی شکایات کا ازالہ کرنے جیسے عوامل کی بنیاد پر تیار کی گئی رپورٹ میں قطر ائیرویز پہلے نمبر پر آئی ہے۔ یہ ائیرلائن پہلے ہی دنیا بھر میں 125منازل کے لئے سروس فراہم کررہی ہے جبکہ اس فہرست میں 50 مزید منازل کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔ وقت کی پابند اور اچھی سروس کی حامل ائیرلائنوں کی اس فہرست میں دوسرا نمبر اٹلی کی علاقائی فضائی کمپنی ائیردولومیتی نے حاصل کیا ہے۔ فہرست میں تیسرے نمبر پر آسٹرین ائیرلائنز، چوتھے پر سنگاپور ائیرلائن، پانچویں پر نیدر لینڈز کی کے ایل ایم رائل ڈچ ائیرلائنز، چھٹے پر برطانیہ کی ورجن اٹلانٹک ائیرویز، ساتویں پر لیٹویا کی ائیربالٹک، آٹھویں پر ہانگ کانگ کی کیتھے پیسفک ائیرویز، نویں پر ائیرکینیڈا، دسویں پرفن لینڈ کی فن ائیر، گیارہویں پر جرمنی کی لفتھینزا، بارہویں پر ائیرفرانس، تیرہویں پر متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ائیرلائن، اور چودہویں نمبر پر برٹش ائیرویز رہی۔ (ن ی)