میزبان خاتون کا ڈھیٹ مہمانوں کے ساتھ ایسا سلوک کے گولیاں چل پڑیں

نیویارک (ہاٹ لائن) میل ملاقات انسان کی بنیادی سماجی ضرورت ہے لیکن بعض لوگ اس کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان کے لئے سر کا درد بن جاتے ہیں۔ عام طور پر تو میزبان ایسے مہمانوں کی جانب التجا بھری نظروں سے دیکھنے کے سوا کچھ نہیں کرپاتا لیکن ایک امریکی خاتون نے اپنے مہمانوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا کہ دنیا بھر کے مہمانوں کے لئے عبرتناک مثال قائم کردی۔
اخبار دی انڈی پینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون ایلینا ساول کے ہاں ایک جوڑا مہمان آیا جس کا انہوں نے مسکراہٹ کے ساتھ استقبال کیا، لیکن چند گھنٹوں بعد صورتحال انتہائی خطرناک رُخ اختیار کرگئی۔ رپورٹ کے مطابق ایلینا کے ہاں کرسٹین نامی خاتون بطور مہمان آئی تھی لیکن وہ اپنے ساتھ مقامی شراب خانے سے ایک مرد کو بھی لے آئی، جس سے وہ پہلی بار ملی تھی۔ یہ جوڑا ایلینا کے گھر میں شراب نوشی کرکے خرمستیاں کرنے لگا۔ ایلینا کا کہنا ہے کہ انہوں نے مہمان جوڑے کو بار بار سمجھایا کہ وہ اپنی حد میں رہیں اور خصوصاً بیہودہ قسم کی آوازیں نہ نکالیں۔ ان کی وارننگ کے باوجود مہمان جوڑا اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا تو ایلینا نے ان سے رخصت ہو جانے کی درخواست کی۔ ایلینا کا کہنا ہے کہ ان کے مہمانوں کو پھر بھی بات سمجھ نہ آئی تو بالآخر ان کا ضبط جواب دے گیا اور وہ بندوق اٹھا کر مہمان جوڑے کے کمرے میں گئیں اور ان کی ٹانگوں پر گولیاں برسانا شروع کردیں۔ ایلینا نے کل 9 گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں مہمان خاتون اور اس کے ساتھی مردکی ٹانگیں بری طرح زخمی ہوگئیں ۔ ان کی خوش قسمتی تھی کہ زخم جان لیوا ثابت نہیں ہوئے اور دونوں کی زندگی بچ گئی ہے۔ ایلینا کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے بے شرم مہمانوں کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ عمر بھر نہیں بھولیں گے۔