بھارتی وزیر کا کوئٹہ حملے پر ردعمل

نئی دہلی (ہاٹ لائن ) بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے بھی سانحہ کوئٹہ پر اپنے تاثرات کا اظہار کردیا، کہتے ہیں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے، دہشت گردی کہیں بھی اور کسی بھی شکل میں ہو ناقابل قبول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کہیں بھی اور کسی بھی صورت میں ہو ناقابل قبول ہے، دہشت گردی میں ملوث غیر ریاستی عناصر کو کسی بھی حکومت کی جانب سے حمایت نہیں ملنی چاہئے کیونکہ بعض اوقات یہ اقدام خود اپنے گلے پڑ جاتا ہے۔
بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے مقامی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعے پر دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں تین دہشت گردوں نے رات کے اندھیرے میں حملہ کرکے سیکڑوں کیڈٹس کو یرغمال بنالیا تھا جبکہ فائرنگ اور دھماکوں میں فوجی جوانوں سمیت 61 افراد شہید اور 120 سے زائد زخمی ہوگئے تھے÷
پاکستانی حکام کے مطابق حملہ آور افغانستان میں موجود اپنے آقاؤں سے ہدایات لے رہے تھے، ان کا مقصد پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنا تھا۔