ذاکر نائیک پر بڑی پابندی لگ گئی

نئی دہلی(ہاٹ لائن) بھارتی وزارت داخلہ نے معروف مذہبی سکالر ذاکر نائیک کی اسلام ریسرچ فاونڈیشن پر غیر ملکی چندے وصول کرنے پر پابندی لگادی ہے، فاونڈیشن کو بند کرنے کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو نوٹس جاری کر کے اس کے لائسنس کو منسوخ کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔وزارت داخلہ نے ذاکر نائیک کی ایک اور این جی او آئی آر ایف ایجوکیشنل ٹرسٹ کو بھی پیشگی اجازت لینے کے درجہ میں رکھنے کا پراسیس شروع کر دیا ہے جس کے تحت اسے بیرونی چندہ لینے کے لئے وزارت داخلہ سے اجازت لینا ہو گی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے ذاکر نائیک کے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو بند کرنے کے سلسلہ میں ایک مسودہ بھی تیار کیا جا رہا ہے جسے کابینہ کی میٹنگ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔