انڈیا: ہسپتال میں آتشزدگی سے 19 افراد ہلاک

انڈیا(ہاٹ لائن ) انڈیا کی مشرقی ساحلی ریاست اڑیسہ (اوڈیشہ) کے دارالحکومت بھونیشور میں ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔آگ نے ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا جس کے بعد مریضوں کو وہاں سے باہر نکالا گیا۔
مقامی حکام نے بتایا کہ آگ کی ابتدا ایس یو ایم ہسپتال کے ڈایالسس وارڈ سے ہوئی اور پھر یہ دوسرے وارڈوں میں بھی پھیل گئي۔درجنوں مریضوں کو شہر کے دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے 14 مریضوں نے سرکاری ہسپتال پہنچنے کے دوران ہی دم توڑ دیا۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر اموات دھویں کی وجہ سے ہوئیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔آگ بجھانے کے لیے سات گاڑیوں اور 120 فائر فائٹروں نے سخت محنت کی۔