برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کو بڑا جھٹکا‘ برطانوی ہائیکور ٹ نے تاریخی فیصلہ سنا دیا

لندن (ہاٹ لائن)برطانیہ میں عدالت نے وزیر اعظم تھریسامے کو بڑا جھٹکا دے دیا ،برطانوی ہائی کورٹ نے حکومت کو یورپی یونین سے اخراج سے متعلق آرٹیکل 50پر عملد رآمد سے روک دیا۔برطانوی جریدے ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یورپی یونین سے اخراج کے لیے از خود آرٹیکل 50پر عمل نہیں کر سکتی اوراس آرٹیکل پر عملدرآمد کے لیے پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کرنا ہو گی۔ برطانوی حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے کہا تھا کہ حکومت کو یورپی یونین سے نکلنے کا حق حاصل ہے۔واضح رہے کہ سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے یورپی یونین سے نہ نکلنے کی حمایت کی تھی تاہم عوام کی جانب سے یورپی یونین سے نکلنے کے بڑھتے ہوئے مطالبے کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔