ترکی اور عراق موصل آپریشن پرآمنے سامنے

انقرہ / بغداد(ہاٹ لائن ) موصل میں آپریشن کے مسئلے پر ترکی اور عراق آمنے سامنے آگئے، انقرہ کا کہنا ہے کہ انہیں آپریشن سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ عراقی حکومت نے ترکی کو آپریشن میں شرکت کی اجازت دینے سے واضح طور پر انکار کردیا ہے۔
عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ موصل آپریشن میں ترکی کو شرکت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، عراقی عوام اپنے بل بوتے پر موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانا چاہتے ہیں، کارروائی میں کسی بھی غیر ملکی فوج کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے بغداد انتظامیہ کی خواہش پر داعش کیخلاف جدوجہد اور مقامی طاقتوں کی تربیت کے زیر مقصد عراقی علاقے باشیقہ میں موجود ترک فوجیوں کا موضوع چھیڑتے ہوئے بتایا کہ موصل آپریشن میں ترکی کو باہر رکھنے کے خواہاں بعض حلقے پائے جاتے ہیں۔