عراق میں اجتماعی قبر سے 100 افراد کی لاشیں برآمد

بغداد( ہاٹ لائن) عراقی فورسز نے داعش کے زیرقبضہ شہر حمام العلیل کے ایک کالج سے اجتماعی قبر ڈھونڈ نکالی جس میں 100 افراد کو قتل کرنے کے بعد دفنایا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی فورسز کا موصل شہر سے داعش کا قبضہ چھڑانے کے لئے بھرپور آپریشن جاری ہے جب کہ فورسز نے ابتدائی طور پر موصل سے 14 کلو میٹر دور شمال میں نواحی علاقے حمام العلیل کا کنٹرول حاصل کرلیا جہاں دوران سرچ آپریشن پولیس کو زرعی کالج سے اجتماعی قبر سے 100 افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گردن قلم کرنے کے بعد ایک قبر میں دفنایا گیا تھا۔
دوسری جانب داعش کے خلاف برسرپیکار مشترکہ آپریشن کمانڈ کا کہنا ہے کہ قبر سے ملنے والے 100 شہریوں کی لاشوں کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تحقیقات کرے گی جب کہ فورسز نے داعش کے قبضے سے حمام العلیل قصبے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جس کے بعد جلد موصل سے داعش کا کنٹرول ختم کرادیا جائے گا۔