کشمیری انتفاضہ کو مزید قوت کے ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ

سری نگر(ہاٹ لائن ) مقبوضہ کشمیرمیں مشترکہ حریت قیادت نے بھارت کے غیر قانونی قبضے اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف موجودہ انتفاضہ کو مزید قوت اور مکمل یکسوئی کے ساتھ جاری رکھنے کا پر اتفاق کرلیا۔ حیدر پورہ سرینگر میں ہونیوالے اجلاس میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت سمیت تاجروں، مذہبی رہنماﺅں، ٹرانسپورٹروں، سول سوسائٹی ارکان اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی. رہنماؤں نے متحدہ مزاحمتی قیادت کے اتفاق و اتحاد کو سراہتے ہوئے انہیں تحریک آزادی کو آگے بڑھاتے رہنے کا مکمل منڈیٹ دیا اور یقین دلایا کہ قیادت اس ضمن میں جو بھی پروگرام دے گی اور جو لائحہ عمل مرتب و متعین کرے گی، تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اس پر عمل پیرا ہوں گے تاکہ تحریک آزادی کے سلسلے کو حصول منزل مقصود تک جاری رکھا جاسکے.