shah-noorani

پاکستان میں خودکش حملہ پر امریکاکااظہارافسوس، مشکل مراحل میں پاکستان کیساتھ ہیں: الزبتھ ٹروڈو

واشنگٹن(ہاٹ لائن) امریکا نے پاکستان میں درگاہ شاہ نورانی پرخود کش حملے اور زائرین کی شہادت اور جانی نقصان پر افسوس کااظہار کیاہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان الزبتھ ٹروڈو نے بتایا کہ درگاہ شاہ نورانی میں خود کش حملے اور 52 زائرین کی شہادت اور سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے سانحہ شاہ نورانی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھاکہ یہ واقعات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم مزید پختہ کریں گے۔مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والوں کو شکست دی جائے گی جبکہ مشکل مرحلے میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ترجمان الزبتھ ٹروڈو نے کہاکہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لئے پاکستان اور خطے میں پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ (ا ن)