نثار کی برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات ، پاکستانی شہید سپاہیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا، چوہدری نثار

لندن(ہاٹ لائن ) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور برطانوی وزیرِخارجہ بورس جوہنسن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے ان کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور خطے میں امن کے قیام کے لئے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ اس عزم کااظہار دونوں رہنماﺅں کے درمیان بدھ کو لندن میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ برطانوی سیکریٹری خارجہ بورس جوہنسن کی جانب سے وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کے لئے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔برطانوی خارجہ سیکریٹری سے بات چیت کے دوران وزیرِداخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ لندن سے اپنے تعلقات کو اہمیت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے مختلف امور میںدونوں ملکوں کے مقاصد یکساں ہیں۔خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیرِداخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہوئے مذاکرات کے دروازے بند کر رکھے ہیں۔ اس موقع پر وزیرِداخلہ نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھایا اور اسے خطے کے امن کے لئے بہت بڑا خطرہ اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگا۔ وزیرِداخلہ نے کہا کہ بغیر کسی اشتعال بھارت کی جانب سے پاکستانی سپاہیوں کو شہید کیے جانے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔وزیرِداخلہ نے واضح طور پر پاک بھارت تعلقات کے بگاڑ کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا۔ مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے وزیرِداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بغیر کسی شرط کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کے حقوق اور انکی جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا۔