اقوام متحدہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ، پاکستان

بھارت کی طرف سے جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو حقیقی خطرہ لاحق ہے،خط کا متن
نیویارک(ہاٹ لائن)پاکستان نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوامتحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھارت نے ایل او سی کو نشانہ بنانے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں بڑے ہتھیارلانچ کئے،13 سال میں اس طرح کے ہتھیاروں کا استعمال پہلی بار کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ خطے میں امن وسلامتی کو کمزور کرنے کے حوالے سے بھارتی ارادے کا یہ واضح اشارہ ہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو حقیقی خطرہ لاحق ہے، ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا مقصد بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بین الاقوامی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری اور سلامتی کونسل کے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر خلاف ورزیوں کانوٹس لیا جائے۔