obama

ڈونلڈ ٹرمپ کو بتا دیا ، نیٹو کی حمایت اور مدد جاری رہے گی ، اوباما

برلن (ہاٹ لائن) امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بتادیا نیٹو اہم اتحادی ہے حکومت کی تبدیلی کے باوجود نیٹو کی حمایت اورمدد جاری رکھیں گے۔ جرمنی گزشتہ8سال سے امریکا کابہترین دوست رہاہے داعش کیخلاف کارروائی میں ساتھ دینے پرجرمن حکومت اورعوام کا مشکورہوں، داعش کے خلاف اتحادی افواج کی کارروائی جاری رہے گی۔ جرمن دارالحکومت برلن میں چانسلر اینجلا مرکل کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باراک اوباما کا کہنا تھا کہ روس کی سرگرمیوں کو مانیٹر کررہے ہیں، یوکرین اور شام کے تنازع پر روس سے اختلافات ہیں ، روس کو قانون کی حکمرانی تسلیم کرنا ہوگی ۔ کوشش ہے کہ روس ترقی کرے اور عوام کو روزگار ملے ، روس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ روس امریکا میں سائبرحملوں میں ملوث رہاہے جس پر اسے مناسب جواب دیا جائے گا اور سائبر حملوں سے متعلق عالمی سطح پر قوانین بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے پر عمل کررہاہے جنوری میں مزید فوجی عراق بھیجیں گے جبکہ افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ امریکا اور جرمنی تارکین وطن کو پناہ دیں گے ۔