افغانستان کے مسائل کا حل مذاکرات میں مضمر ہے ،ملیحہ لودھی

نیویارک(ہاٹ لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہی افغانستان کے دیرینہ مسائل کا واحد حل ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کے حوالے سے ہونے والے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کیا جس کی پوری دنیا متعرف ہے تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ گزشتہ 30 سال سے جاری افغان جنگ کے باعث پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور اقتصادی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاکہ افغانستان کے دیرینہ مسائل کا واحد حل افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات ہی ہیں اور مفاہمت کے عمل کی کامیابی کا دارومدار افغان عوام کے ذمہ دارانہ کردار سے مشروط ہے۔ پاکستان افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی رضاکارانہ طور پر چاہتا ہے۔