traffic-accident

چین: ہائی وے پر ٹریفک حادثہ،17افراد ہلاک،37زخمی

بیجنگ (ہاٹ لائن) ذرائع کے مطابق چین کی شمال مشرقی ہائی وے پردھند اور پھسلن کے باعث یکے بعد دیگرے 56گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 17افراد لقمہ اجل بن گئے ، حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 37شہری زخمی ہیں جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں ہے تاہم تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔حادثہ چینی صوبے شانچی بیجنگ کن منگ ہائی وے پر صبح 9بجے کے قریب پیش آیا ۔ حادثے میں زخمی ہونے والے ایک ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ ہائی وے پر شدید دھند اور پھسلن تھی اس لیے سرنگ سے نکلنے کے بعد اس نے گاڑی کی رفتار کو مزید کم کر لیا تاہم آگے دیکھا تو 2گاڑیاں ایک دوسرے کے آمنے سامنے تباہ کن حالت میں موجود تھیں جس سے سڑک بلاک ہو چکی تھی ۔دوسری جانب حادثے کے بعد مقامی پولیس اورامدادی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر موجود ہیں ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں بڑے ٹرکوں کی تعداد زیادہ تھی تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔