مکہ مکرمہ پر میزائل حملے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور

میزائل حملہ سعودی عرب کی ایئرڈیفنس فورسز نے ناکام بنادیا ،حکومت پاکستان سعودی حکومت کےساتھ یکجہتی کا اظہارکرتی ہے ، قرارداد کا متن
اسلام آباد (ہاٹ لائن) سینٹ نے مکہ مکرمہ پر میزائل حملے کے خلاف قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی ۔ منگل کو اجلاس میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے قرارداد پیش کرنے کے لئے قواعد معطل کرنے کی تحریک پیش کی جس کی چیئرمین نے ایوان سے منظوری حاصل کرنے کے بعد قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی۔ سینیٹر راجہ ظفر الحق نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان اکتوبر میں مکہ مکرمہ پر بیلسٹک میزائل کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ یہ میزائل حملہ سعودی عرب کی ایئرڈیفنس فورسز نے ناکام بنادیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت پاکستان سعودی حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ سینٹ نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔