کرد جنگجوﺅں کے حملے ، 50 ایرانی فوجی ہلاک

بغداد (ہاٹ لائن ) ترکی اور عراق کی سرحد سے متصل پہاڑی علاقوں میں کرد جنگجوﺅں کے ساتھ تصادم میں کم سے کم 50ایرانی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ جنرل رمضان شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قندیل اور جاسوسان نامی پہاڑی علاقوں میں کرد جنگجوﺅں کے حملوں میں ایرانی ایلیٹ فورس کے پچاس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایرانی ذرائع ابلاغ میں شائع جنرل رمضان شریف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق اور ترکی کی سرحد سے متصل علاقوں کرد عسکری پسندوں کے ساتھ خون ریزی جھڑپیں حالیہ ایام میں ہوئی ہیں جن میں دونوں طرف بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ کردوں اور ایرانی فوج کے درمیان تازہ خون ریزی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دوسری جانب پاسداران انقلاب اور صدر حسن روحانی کے درمیان اختلافات کی افواہیں بھی پھیلی ہوئی ہیں۔