برازیلن فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ

بگوٹا(ہاٹ لائن) کولمبیا میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں برازیلین فٹبال کلب کے کھلاڑیوں سمیت 81 افراد سوار تھے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی امریکی ملک بولیویا سے ایک طیارہ کولمبیا جارہا تھا کہ کولمبین شہر میڈلیئن سے 50 کلو میٹر دورپہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر طیارے میں ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے پیش آیا جب کہ حادثے میں 6 افراد کے زندہ بچ جانے کی اطلاعات ہیں اور باقی افراد کی ہلاکتوں کی فوری تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم خدشہ ہے کہ دیگر تمام مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔
طیارے میں فضائی عملے سمیت 81 افراد سوار تھے جس میں سے برازیلین فٹبال کلب کے 9 کھلاڑی بھی شامل تھے جو کہ کولمبیا میں جنوبی امریکی فٹبال کلب کا فائنل میچ کھیلنے جارہے تھے جس کا شمار جنوبی امریکا کے دوسرے اہم ترین کلب مقابلوں میں ہوتا ہے، تاہم دوسری جانب حادثے کے بعد انتظامیہ نے میچ منسوخ کردیا ہے۔
واقعے کے بعد کولمبین حکام نے امدادی ٹیمیں زمینی راستے سے جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی ہیں جب کہ موسم کی خرابی کے باعث فضائی امداد نہیں بھیجی جاسکی اور کولمبیئن ایئرفورس نے بھی فی الحال ریسکیومشن منسوخ کردیا ہے۔