پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ، فائرنگ کا تبادلہ جاری ،200 سے زائد زیر تربیت اہلکار یرغمال

کوئٹہ: (ہاٹ لائن) کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پولیس اور ایف سی کی مزید نفری کو بھی طلب کر لیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق 6 حملہ آور عقب سے ٹریننگ سینٹر میں داخل ہوئے اور دو سو سے زائد زیر تربیت اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ ٹریننگ سینٹر میں اس وقت 700 اہلکار زیر تربیت تھے۔ کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ واضح رہے اس پولیس ٹریننگ سینٹر میں پورے بلوچستان سے آنے والے اہلکاروں کو تربیت دی جاتی ہے۔