کوئٹہ دہشتگردی ، وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی

کوئٹہ (ہاٹ لائن ) سریاب پولیس ٹریننگ اکیڈمی پر دہشت گردوں کے حملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد 5 سے 6 ہے، جو پولیس کی وردیوں میں ملبوس ہو کر اکیڈمی میں داخل ہوئے۔ ترجمان کے مطابق ہاسٹل میں 500 اہلکار موجود ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ سے متعلق آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی کوئٹہ سے رابطہ کرکے صورت حال پر بریفنگ لی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ایف سی اور پولیس کی اضافی نفری بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے بھرپور طاقت استعمال کی جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان صورت حال کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔