کوئٹہ ،دہشت گردوں کا حملہ ، پاک فوج کے کیپٹن روح اللہ شہید

کوئٹہ (ہاٹ لائن)رات گئے دہشت گردوں نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر ہاسٹل پر حملہ کر دیا. دہشت گردوں کے حملے کے دوران آپریشن میں حصہ لینے والے پاک فوج کے کیپٹن روح اللہ بھی شہید ہو گئے ۔دہشت گردوں کا دلیر ی کے ساتھ مقابلہ کرنے پر حکومت نے کیپٹن روح اللہ کے لیے تمغہ جرات کا اعلان کردیا۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر ہاسٹل پر دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہیں پاک فوج کے دستے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ۔اس موقع پر کیپٹن روح اللہ نے دلیرانہ طریقے سے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کیا اور اسی دوران وہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے ۔انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔واضح رہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 4اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔