خورشید شاہ کا یٰسین ملک کے متعلق اقوام متحدہ کو خط لکھنے کا اعلان

اسلام آباد(ہاٹ لائن) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اسلام آباد میں یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور یاسین ملک کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وہ یاسین ملک کے ساتھ بھارتی رویئے کیخلاف اقوام متحدہ کو خط لکھیں گے اور مطالبہ کریں گے کہ جنیوا کنونشن کے تحت اقوام متحدہ یاسین ملک کا علاج اپنی نگرانی میں کرائے۔ اس موقع پر یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کو غلط انجکشن پلاننگ کے تحت لگایا گیا کیونکہ حریت قیادت کو مارنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے پیپلز پارٹی بھارتی مظالم کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے گی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرے گی کہ مقبوضہ کشمیر کی تمام قیادت کو بھارتی قید سے رہائی دلائی جائے۔