آئل ٹینکر میں لگی ہولناک آگ 4 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں جل گئیں

راولپنڈی (ہاٹ لائن) راولپنڈی کے علاقے گلریز میں تیز رفتار آئل ٹینکر الٹنے کے باعث آگ لگ گئی جس نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا کئی افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ 4 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں بھی جل گئیں، ریسکیو ٹیموں نے ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پالیا تاہم عمارتوں میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ راولپنڈی کے علاقے گلریز میں تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی، تیل بہتا ہوا قریبی عمارتوں تک پہنچ گیا، نتیجے میں آگ نے ایک 2 بلڈنگوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، عمارتوں میں پھنسے کئی افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران آگ نے قریب کھڑی 4 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں جلا کر خاکستر کردیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ نے بجلی کے تاروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث گلریز کے علاقے میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، کسی بڑے حادثے سے بچنے کیلئے گیس کی فراہمی بھی معطل کردی گئی ہے۔