طارق فاطمی بیجنگ پہنچ گئے ، چینی وزیر خارجہ سے ملاقات

اسلام آباد (ہاٹ لائن)پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت کثیر جہتی فورمز پر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے چینی دارالحکومت بیجنگ کا دو روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی وزیرخارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی،فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پہلوﺅں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جن میں سی پیک ، اقتصادی تعاون ، دفاع ، انسداد دہشت گرد ی، شنگھائی تعاون تنظیم، ثقافت ، تعلیم اور عوام کے عوام سے روابط شامل ہیں۔ ملاقات میں اقوام متحدہ سمیت کثیرجہتی فورمز پر تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔معاون خصوصی نے چینی وزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان نیوکلیئرسپلائرگروپ کیلئے تمام تقاضے پورے کرتا ہے اور رکنیت کا مضبوط امیدوار ہے۔ سید طارق فاطمی اور چینی وزیر خارجہ نے علاقائی اور عالمی امور بشمول کشمیر ، افغانستان ، جنوبی چینی سمندر پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے چینی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ فریقین نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔