بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 77 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری

اسلام آباد(ہاٹ لائن ) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 77 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے ہے تاہم کے الیکٹرک اور300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی طرف سے دائر درخواست کے مطابق فرنس آئل سستا ہونے کے باعث ستمبر کے مہینے کے لئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 77 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ستمبر میں مجموعی طور پر 10ارب یونٹس تقسیم کار کمپنیوں کو فروخت کئے گئے جس میں سے پن بجلی سے 41 فیصد بجلی پیدا کی گئی، فرنس آئل سے 26 فیصد اور گیس سے 22 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ اس طرح بجلی کی کل پیداوار پر فیول لاگت 36 ارب80کروڑ روپے رہی۔ ستمبر کے لئے ریفرنس فیول لاگت 6 روپے43 پیسے فی یونٹ مقرر تھی جبکہ اصل فیول لاگت 3 روپے67 پیسے فی یونٹ رہی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ستمبر کے مہینے کے لئے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 77 پیسے فی یونٹ کمی کردی ہے تاہم اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک اورماہانہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہوگا۔