پی آئی اے کی نجکاری نہیں کی جارہی، چیئر مین پی آئی اے اعظم سہگل

کراچی (ہاٹ لائن) چیئر مین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں کی جارہی اور اس سلسلے میں پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے سی بی اے یونین کے صدر شمیم اکمل سے کیا جنہوں نے ملاقات میںپی آئی اے ملازمین میں ادارے کی نجکاری کے بارے میں پائی جانے والی بے چینی کے متعلق چیئر مین کو آ گاہ کیا۔ چیئر مین پی آئی اے نے کہا کہ اس سال کے شروع میں پارلیمنٹ میں ہونے والے فیصلے کے مطابق حکومت پاکستان ایئر لائن کے 51 فیصد حصص اور انتظامی کنٹرول اپنے پاس رکھے گی۔ شمیم اکمل نے چیئر مین پی آئی اے کی جانب سے ائر لائن کے ملازمین کےلئے واضح پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین قومی ائر لائن کی بحالی کےلئے ان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔