سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر نے ہر انسان کو رلادیا ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

تربت(ہاٹ لائن)بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ و نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ جمعرات کو اسلام آباد سے تربت پہنچے جہاں پرانہوں نے گزشتہ دنوں سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں شہید ہونے والے تربت کے شہداءکے گھروں میں جاکر لواحقین سے تعزیت کی اور شہداءکے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اس سلسلے میں وہ شہید زبیر احمد ولد عبداللہ سکنہ اللہ بخت کلاتک ،شہید گلزار حسن ولد محمد حسن سکنہ کلگ ،شہید طارق علی ولد غفوراحمد سکنہ مغیری ،شہید فردوس ولد نیاز سکنہ میری ، شہید شاجہان ولد عبدالواحد سکنہ میری بیگ،شہید وسیم احمد ولد مراد جان سکنہ میری بگ ، شہید محمد امین ولد غلام حسین سکنہ سری کہن ، شہید محمود ولد صوفی حسن سکنہ جوسک ، شہید شعیب احمد ولد مراد سکنہ ڈھنگ ، شہید اسماعیل ولد حاجی برکت سکنہ ناصرآباد کے گھروں میں گئے اوران کے اہل خانہ سے تعیت کرتے ہوئے شہداءکے بلند درجات کیلئے دعا کی اس موقع پرپارٹی کے ضلعی صدر محمد طاہر بلوچ ،ٹھیکیدار زبیر احمد رند، رجب یاسین بلوچ اور نعیم عادل بھی انکے ہمراہ تھے۔ دریں اثناءتربت میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے اس سانحہ کو ناقابل تلافی نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ہر درد دل رکھنے والے انسان کو اس دلخراش سانحہ نے رلادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ہمارے باصلاحیت محنتی اور ٹیلنٹڈ نوجوان ہم سے چھیننے ہیں جو بلوچستان کے مستقبل بننے جارہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ انسان کی جان میں کوئی تفریق نہیں ہوتی مگر یہ سارے غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے غریبوں کے بیٹے تھے والدین نے بڑی محنت ،مشقت سے انکو پال پوس کر بڑا کیا تھا اوروالدین کو اپنے بڑھاپے کے سہاروں سے بڑی امیدوآس تھی مگر درندہ صفت ذہنیت نے ان سب کو اپنی حیوانیت کی بھینٹ چڑھایا انہوں نے کہا کہ سانحہ 8اگست کے زخم ابھی برے نہیں تھے کہ ہمیں ایک اور شدید د ھچکا لگاجوکہ یقینا ہمارے لئے قومی حوالے سے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ سانحہ آٹھ اگست اورسانحہ پی ٹی سی سے ہمارے گلشن میں لگی آگ نے تباہی ،بربادی دی ہے ہم بہترین دماغ، صلاحیت ،ٹیلنٹ اور انسانی وسائل سے محروم کردیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اس سانحہ میں شہید ہونے والے اور زخمی ہونے والے جوانوں کے پسماندگان ،لواحقین اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں انکو تنہا نہیں چھوڑے گی۔